بنگلورو،22؍اکتوبر(ایس او نیوز؍یو این آئی) کانگریس کے سینئر لیڈراور سابق وزیراعلی سدارمیا نے جمعرات کو کرناٹک کے سابق اسمبلی اسپیکر رمیش کمار کو جیل بھیجنے کا عزم کرنے والے ریاست کے وزیر صحت ڈاکٹر کے سدھاکر کو بے وقوف اور راہول گاندھی کو نشہ کا عادی قرار دینے پر بی جے پی صدر نلین کمار کو جوکر قرار دیا۔
سدارمیا نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ یہ ایک ایسے شخص کے تکبر کا اظہار ہے جو اقتدار کے نشہ میں ہے۔ وہ جس نے کانگریس کے ٹکٹ پر الیکشن جیتا اور آپریشن لوٹس کے ذریعہ اقتدار حاصل کرنے کے لئے بی جے پی میں شامل ہوگیا۔ سدارمیا نے کہا کہ وہ سوچ رہا ہے کہ اقتدار ابدی ہے۔ یہ ابدی نہیں ہے۔عوام 2023 میں بی جے پی کو گھر بھجیں گے۔ اس وقت ہم دیکھیں گے کہ کون جیل بھیجتا ہے اور کون جیل جاتا ہے۔
انہوں نے کہاکہ اگر کوئی دیگر شخص کو جیل بھیجنا چاہتا ہے تو ا س نے کوئی جرم کیا ہونا چاہئے۔ سدارمیا نے پوچھا کہ کیا کوئی کسی بے قصور کو جیل بھیج سکتا ہے؟ اس موقع پر سدارمیا نے کہا کہ وہ (ڈاکٹر سدھاکر) بے وقوف ہیں۔
ریاستی بی جے پی کے صدر نلین کمار کٹیل کی طرف سے کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی کو نشہ کا عادی اور ڈرگس کا اسمگلر کہے جانے سے متعلق بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے مسٹر سدارمیا نے کہاکہ نلین کمار ایک جوکر ہیں اور ایسا لگتا ہے کہ انہوں نے اپناذہنی توازن کھو دیا ہے۔
خیال رہے کہ ڈاکٹر سدھاکر نے بدھ کو کولار ضلع کے جرابنداہلی گاوں میں ایک اجلاس سے خطاب کے دوران کانگریسی لیڈر اور سابق اسمبلی اسپیکر رمیش کمار اور دیگر کو سیاسی فائدہ کے لئے کولار۔ چکبلاپور ڈی سی سی بینک کا غلط استعمال کرنے کے معاملہ میں یل بھیجنے کا عزم ظاہر کیا تھا۔